آئیسکو کابجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ، 34لاکھ18ہزار سے زائد کے جرمانے عائد، 2افراد گرفتار

109
آئیسکو

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس سلسلے میں آپریشن ایم اینڈ ٹی اور سرویلنس ٹیموں کی ریجن بھر میں بھرپور کارروائیاں جاری ہیں ۔ ترجمان آئیسکو نے منگل کو بتایا کہ حکومت پاکستان اور وزارت توانائی کے احکامات کی روشنی میں آئیسکو کا تمام آپریشن سرکلز بشمول اسلام آباد ،راولپنڈی سٹی ،راولپنڈی کینٹ، اٹک ، جہلم اور چکوال میں بجلی چوروں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے جس میں بجلی چوروں کو بھاری جرمانے کے ساتھ ساتھ جیل کی ہوا بھی کھانی پڑ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق34ویں روز آئیسکو ٹیموں نے4ہزار846بجلی میٹرز چیک کئے جن میں سے42میٹرز سے بجلی چوری کی جارہی تھی۔ بجلی چوری کرنے پر متعلقہ صارفین کو1لاکھ8ہزار476 سے زائد یونٹس چارج کر کے50لاکھ18ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔ پولیس نے ایف آئی آر کا اندراج کرتے ہوئے2افراد کو گرفتار بھی کر لیا۔انسداد بجلی چوری کی روک تھام کی جاری مہم کے دوران آئیسکو کی ڈیٹیکشن ٹیموں نے مجموعی طور پر 1لاکھ7ہزار33 سے زائد میٹرز کو چیک کیا جس میں سے1ہزار767میٹرز سے 25 لاکھ70 ہزار236 بجلی کے یونٹس کے غیر قانونی استعمال پر متعلقہ صارفین کو11 کروڑ88 لاکھ27ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے اور بجلی کے ڈائریکٹ استعمال کرنے اور میٹرز کو ٹمپرڈ کرنے والے افراد کے بجلی کے کنکشنز کاٹ کے میٹرز اتار لئے گئے

۔قانونی کارروائی کے لئے بجلی چوروں کے خلاف399 ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہوئیں اور بجلی چوری کرنے والے 307 افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ صارفین سے درخواست ہے کہ بجلی چوروں کی اطلاع آئیسکو ہیلپ لائن نمبر 118 یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز 0519252933 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان چوروں کو قانون کی گرفت میں لیا جائے۔ ترجمان آئیسکو نے کہا کہ کارروائیوں کا سلسلہ ریجن سے بجلی چوری کے خاتمے تک جاری رہے گا اور اس مہم میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور سستی نا قابل برداشت ہے۔