اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):حکومت پاکستان اور وزارت توانائی کے احکامات کی روشنی میں بجلی چوری کے ناسور سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے آئیسکوکے تمام آپریشن سرکلز بشمول اسلام آباد راولپنڈی سٹی،راولپنڈی کینٹ، اٹک، جہلم اور چکوال میں کارروائیوں کے بہترین نتائج حاصل ہو رہے ہیں ،جاری کارروائیوں کے نتیجے میں بجلی چوروں کو بھاری جرمانے اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان آئیسکو کے جمعہ کے روز جاری بیان کے مطابق ماہ نومبر میں آئیسکوڈیٹیکشن ٹیموں نے1 لاکھ51 ہزار166 میٹرز کو چیک کیا، 3 ہزار 121 میٹرز سے 28 لاکھ 69 ہزار 844 بجلی یونٹس کے غیر قانونی استعمال پر متعلقہ صارفین کو آئیسکو کی جانب سے12 کروڑ90 لاکھ 22 ہزار سے زائد کے جرمانے عائدکرتے ہوئے بجلی کے ڈائریکٹ استعمال،میٹرز ٹیمپرڈ کرنے والوں کے بجلی کنکشنز منقطع کر کے میٹرز اتار لئے گئے۔
بجلی چوروں کے خلاف149 ایف آئی آرز کا اندراج کر کے70افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔7 ستمبر 2023 سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران مجموعی طور پر اب تک3لاکھ 45ہزار21میٹرز کو چیک کیا گیا جن میں سے5ہزار962بجلی چوروں پر66لاکھ40ہزارسے زائدیونٹس چارج کر کے 30کروڑ42لاکھ98ہزار514کے جرمانے عائد کیے گئے۔مجموعی طور پر اب تک کی جانے والی کاروائیوں میں644ایف آئی آرز کا اندراج کر کے پولیس کی جانب سے521بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔
انسداد بجلی چوری جائزہ اجلاس کی صدارات کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان کا کہنا تھا کہ بجلی چور قومی خزانہ پر بوجھ ہیں جن کے خاتمے کے لئے ہم بلا تفریق اور سخت کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بجلی چوری کے ناسور سے آئیسکو کونجات دلا کر ہی دم لیں گے۔انہوں نے صارفین سے درخواست کی ہے کی وہ اس قومی مہم میں آئیسکو کا ساتھ دیں اور بجلی چوروں کی اطلاع ہیلپ لائن نمبر 118 یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبر 34-9252933-051 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415644