آئیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری، رواں ماہ 1 لاکھ 61 ہزار میٹرز چیک،2562 بجلی چور پکڑے گئے، ترجمان آئیسکو

133
Electricity thief arrested
Electricity thief arrested

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ڈاکٹر محمدا مجد خان نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے ناسور کے خاتمے کیلئے اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال سرکلز میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلا تفریق جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو کی ڈیٹیکشن ٹیمیں بجلی کے میٹرز کسی بھی دبائو کے بغیر چیک کر رہی ہیں اور بجلی چوری اور سہولت کاری پر کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

منگل کو ترجمان آئیسکو نے بتایا کہ ڈیٹیکشن ٹیموں نے رواں ماہ کے دوران 1 لاکھ 61 ہزار سے زائد میٹرز چیک کئے گئے اور 2562 بجلی چور پکڑ لئے۔چیک کئے گے میٹر ز میں سے 2408 میٹرز سلو 16 ٹمپرڈ پائے گئے ، 138 میٹرز سے ڈائریکٹ سپلائی لی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو کے رواں ماہ جاری آپریشن کے دوران متعلقہ صارفین کوبجلی چوری اور سلو میٹرز کی مد میں 8 کروڑ 54 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے ہیں جبکہ ایف آئی آرز کے اندراج کے بعد 37 بجلی چور گرفتار کئے گئے ہیں۔

ترجمان آئیسکو نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی کمپین کو 100 فیصد کامیاب بنائیں گے، آپریشن کے دوران آئیسکو ڈیٹیکشن ٹیموں کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین بجلی چوری کی اطلاع ہیلپ لائن نمبر 118 یا 0519252933 پر دیں۔