آئیسکو کے ملک میں جاری ہیٹ ویو کے باعث 5جون تک ہر قسم کے شٹ ڈائون منسوخ

138
IESCO

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹر ک سپلائی کمپنی ( آئیسکو ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد امجد خان نےکہا ہے کہ ملک میں جاری ہیٹ ویو کے باعث آئیسکو نے 5جون تک ہر قسم کے منظور شدہ شٹ ڈائون منسوخ کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق بجلی کوٹہ دستیاب ہونے کے باعث آئیسکو ریجن میں کہیں بھی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جا رہی ہے کیوں کہ ہماری اولین ترجیح صارفین تک بجلی کی مستحکم اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا ہے۔

بدھ کو جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کاموں جیساکہ سڑکوں کو کشادہ کرنا، نئی سڑکوں اور پلوں کی تعمیر وغیرہ کیلئے ضلعی انتظامیہ کی درخواست پریا پھر سسٹم پر آنے والے فالٹس کو کلیئر کرنے کیلئے محدود دورانیے کے ایمرجنٹ شٹ ڈائون کیئے جاتے ہیں جس کی پیشگی اطلاع بذریعہ پرنٹ میڈیا ، آئیسکو آفیشل ٹویٹر پیج@IESCO_Official اور فیس بک پیج آئیسکو انفارمیشن پر صارفین کو دی جاتی ہے۔

انہوں نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ بجلی کی بچت ایک قومی ذمہ داری ہے جس پر عمل پیرا ہو کر صارفین نہ صرف اپنے ماہانہ بجلی کے بل میں نمایاں کمی لا سکتے ہیں بلکہ بجلی کے ضیاع کو بھی روک سکتے ہیں۔ صارفین پیک آور شام 7سے رات11بجے تک(جون تا اگست) اے سی، ریفریجریٹر، استری اور پانی کی موٹروں کے استعمال سے گریز کریں۔

صارفین بجلی سے متعلق انفرادی شکایات کے اندراج اور فوری ازالے کےلئے متعلقہ ایس ڈی کمپلینٹ دفاتر، آئیسکو ہیلپ لائن نمبر 118 یا سی سی ایم سی کے فون نمبرز34-9252933-051 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔