آئیسکو2030 تک تمام 6 سرکلز میں جدید ترین اے ایم آئی میٹر نصب کر دے گا ،پراجیکٹ ڈائریکٹر محسن گیلانی

82
آئیسکو2030 تک تمام 6 سرکلز میں جدید ترین اے ایم آئی میٹر نصب کر دے گا ،پراجیکٹ ڈائریکٹر محسن گیلانی
آئیسکو2030 تک تمام 6 سرکلز میں جدید ترین اے ایم آئی میٹر نصب کر دے گا ،پراجیکٹ ڈائریکٹر محسن گیلانی

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے ڈیجیٹلائزیشن اور اپ گریڈیشن پروگرام کے تحت اپنے تمام 6 سرکلز میں 2030تک تمام موجودہ پرانے میٹرز کو جدید ترین ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) میٹرز سے تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کا مقصد درست میٹر ریڈنگ، بلنگ، بجلی چوری پر قابو پانا اور لوڈ شیڈنگ میں کمی لانا ہے۔

آئیسکو کےاے ایم آئی پراجیکٹ ڈائریکٹر محسن رضا گیلانی نے بدھ کو ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر منصوبے پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایڈوانس میٹرنگ ایک مکمل پیکج ہے، اس وقت کمپنی کے 6 سرکلز راولپنڈی سٹی، راولپنڈی کینٹ، اسلام آباد، چکوال، جہلم، اٹک اور آزاد جموں و کشمیر کے کچھ علاقوں میں 38 لاکھ کے قریب صارفین ہیں جنہیں 2030 تک اے ایم آئی میٹروں سے تبدیل کر دیا جائے گا۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں راولپنڈی کینٹ سرکل، راولپنڈی سٹی سرکل اور ٹیکسلا میں 12 لاکھ 18 ہزار 511 کنکشنز کو اے ایم آئی میٹرز سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی پہلے ہی مختصر وقت میں راولپنڈی کینٹ سرکل، راولپنڈی سٹی سرکل اور ٹیکسلا کے مختلف علاقوں میں اب تک ایک لاکھ 30 ہزارمیٹر سےزیادہ کی تنصیب کرچکی ہے۔

محسن رضا گیلانی نے بتایا کہ راولپنڈی کینٹ سرکل، راولپنڈی سٹی سرکل اور ٹیکسلا میں اے ایم آئی میٹر ز کی تنصیب کا عمل جنوری 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا اور جون 2025 تک یہ میٹرز باقاعدہ طور پر اپنے تمام فنکشن کے ساتھ کام شروع کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ کام جنوری 2026 تک مکمل ہوجائے گا جس کے لئے ابتدائی طور پر مذکورہ سرکلز میں روزانہ تقریبا3000 سے 3500اے ایم آئی نصب کرنے کے لئے دو ٹھیکیداروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔محسن رضا گیلانی نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے دوسرے پاور ڈسٹری بیوشن انہینسمنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت منصوبے کی تکمیل کے لیے 109 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے معاہدے پر 3 ستمبر 2022 کو دستخط کیے گئے تھے جبکہ نافذالعمل تاریخ جنوری 2023 تھی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ منصوبے کا حصہ بننے والے مین ڈیٹا اور بیک ڈیٹا سینٹرز پہلے ہی بالترتیب آئیسکو کے ہیڈ آفس اور گوجر خان میں قائم کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے ایم آئی سسٹم بجلی کے میٹروں کی چوبیس گھنٹے نگرانی کے ذریعے ٹرانسمیشن کو منظم طریقے سے کنٹرول کرنے کے ساتھ بجلی چوری کا مستقل خاتمہ لائے گا۔

محسن گیلانی نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی پاور سیکٹر کے نقصانات کو کم کرنے، بلنگ اور ریکوری کے معیار کو بہتر بنانے، بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے اور غلط یا اوور بلنگ کی صارفین کی شکایات کو دور کرنے میں مدد دے گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہر جگہ مینول میٹر لگے ہوئے ہیں جس میں انسانی مداخلت ہوتی ہے، اے ایم آئی سسٹم میٹر ریڈنگ میں انسانی مداخلت کو بھی ختم کرے گا، کسٹمر سپورٹ میں بہتری کرے گا، بہتر ریڈنگ، درست بلنگ، ایڈوانس میٹر سے بجلی کی کھپت سے متعلق لوگوں کو آگاہی ہو گی جس سےکھپت پر کنٹرول ہو گا اور آئیسکو کی غیر تکنیکی نقصانات کو کم کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ایڈوانس میٹر میں مداخلت کرنے سے میٹر خودکار نظام کے تحت بند ہو جاتا ہے جس سے بجلی چوری روکنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ آٹومیٹک 100 فیصد درست اور بروقت میٹر ریڈنگ سے میٹر ریڈنگ پر آنے والے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ بجلی چوری، ٹرپنگ، بجلی کی خرابی یا خراب میٹر کی صورت میں ڈیٹا سینٹر میں آٹومیٹڈ اطلاع موصول کی جائے گی اور متعلقہ ایس ڈی او کو مختصر وقت میں مسئلہ کو حل کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ صارفین موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے روزانہ بجلی کی کھپت کی مانیٹرنگ کرکے اپنے بجلی کے بلوں کو بھی کنٹرول کرسکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں محسن گیلانی نے کہا کہ سسٹم میں 50 لاکھ کنکشنز کی گنجائش ہے اور اس وقت آئیسکو کے تقریبا 38 لاکھ صارفین ہیں اور ہمارے پاس اب بھی سسٹم میں 10 لاکھ صارفین کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے 7 دن بعد بل لوگوں تک پہنچایا جاتا تھا، ایڈوانس میٹر کے ذریعے ریڈنگ والے دن ہی صارف کو بل موصول ہو جائے گا۔

محسن گیلانی نے کہا کہ اگر کوئی صارف اضافی بل کی شکایت کرے گا تو آئیسکو صارف کو پورا ریکارڈ دیکھایا جا سکے گا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹرنے کہا کہ کمپنی کے پاس بجلی کی خریدوفروخت کا گھنٹوں کے حساب سے ڈیٹا موجود ہو گا، ڈیٹا موجود ہونے کی وجہ سے فیوچر پلاننگ میں آسانی ہو گی۔نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں محسن گیلانی نے کہا کہ اے ایم آئی میں یہ فیچر پہلے ہی انسٹالڈ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن صارفین نے نیٹ میٹرنگ کروائی ہوئی ہے ان کے میٹرز کو بلامعاوضہ اے ایم آئی سے تبدیل کر دیا جائے گا۔