آئینی ترامیم پر تحریک انصاف سے بات کرنا وقت کا ضیاع ہے، عظمی بخاری

149
Uzma Bukhari

لاہور۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم پر تحریک انصاف سے بات کرنا وقت کا ضیاع ہے، پارلیمنٹ کے علاوہ کسی کو آئین کی من پسند تشریح کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

اتوار کے روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے بنائے آئین اور قوانین پر ہی ملک کے انتظامی و ریاستی معاملات چلتے ہیں، پارلیمنٹ کے علاوہ کسی اور ادارے کو آئین کی من پسند تشریح کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی اصلاحات موجودہ دور میں اشد ضروری ہوچکی ہیں،

آئینی عدالت کا قیام میثاق جمہوریت کے مطابق عمل میں لایا جا رہا ہے، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اورسابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید نے جو میثاق جمہوریت کیا آئینی ترمیم اسی کے تحت ہو رہی ہیں۔ عظمی بخاری نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کا وفد آئینی ترمیم پر بات کرنے گیا تو مہاتما 45 منٹ اپنے رونے روتا رہا،کل تک جو دوسرے کے اے سی اتروانے کی دھمکیاں دیتا تھا آج اپنا ٹی وی بند ہونے کے شکوے کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آئینی ترمیم کے بدلے این آر او حاصل کرنا چاہتے ہیں جو انہیں ملنا نہیں،ایک سال جیل میں رہنے کے بعد بھی ان کا مائنڈ سیٹ انتشاری ٹولے کے سرغنہ والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوٹوں سے بانی پی ٹی آئی وزیراعظم بنے ان کو اب غدار کہتے شرم آنی چاہیے،جیل میں کوکونٹ اور چقندر کا جوس پینے سے انقلاب نہیں آتے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان بانی پی ٹی آئی کی ریاست مخالف سرگرمیوں سے بھی تنگ آچکے ہیں،بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ ملک میں پھر ایک اور 9مئی ہو جو اب ہم ہونے نہیں دینگے۔ عظمی بخاری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا اختیار صرف فیصلے یا وضاحتیں جاری کرنا نہیں، آئینی ترامیم پر اتفاق رائے اچھی بات ہے لیکن تحریک انصاف سے بات کرنا وقت کا ضیاع ہے۔