اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف 26 ویں آئینی ترامیم کے تمام مراحل میں حصہ لینے کے بعد ججز تعیناتی کی خصوصی پارلیمانی کمیٹی سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عقیل ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما 26 ویں آئینی ترامیم کے دوران تمام امور کا حصہ بننے کے بعد اگر کمیٹی کا حصہ نہیں بن رہے تو یہ اچھی روایت نہیں ہے ۔
عقیل ملک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور پہلے بھی بڑھکیں مارتے رہتے ہیں، کسی بھی شخص کو احتجاج کے نام پر فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے، شرفساد پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم کی منظوری سے عام شہریوں کو جلد انصاف میسر ہوگا۔وزیر اعظم کے مشیر برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ اس سے قبل عدالتوں کا دوہرا معیار تھا، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف پر اقامہ کا من گھڑت اور بے بنیاد کیس بنا دیاگیا تھا جبکہ 190 ملین پائونڈ کی ڈکیتی کرنے والے ملزم کوگڈ ٹو سی یو کہا جاتا رہا ہے ۔