آئین پاکستان تمام شہریوں کو برابر تحفظ دیتا ہے‘پاکستانی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی،معاون خصوصی برائے مذہبی آہنگی علامہ طاہر اشرفی

74

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو برابر تحفظ دیتا ہے‘ ملک میں ہر کسی کوا ظہار رائے کی مکمل آزادی ہے‘پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی‘افغانستان میں امن چاہتے ہیں‘ملک بھرمیں تمام مذاہب کے مقدس مقامات اور مقدس ہستیوں کے احترام کی مہم شروع کررہے ہیں‘فحاشی سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے بیان کو غلط رنگ دیا گیا‘ اقوام متحدہ نے اسلامو فوبیا کو عالمی امن کے لیے خطرہ قراردیا ہے ، ہم اقوام متحدہ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار جمعہ کے روز بین المذاہب رواداری کے فروغ اور مذہبی مقدسات کے احترام کے لیے آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اتحاد،وحدت،اخوت اور رواداری کی ضرورت ہے‘ مسجد،گرجاگھر،مندر اور گردوارے سے محبت اور احترام کی آواز بلند کرنا ہو گی ‘مذہبی بنیاد پر فساد اس وقت شروع ہوتا ہے جب دوسروں کے مقدس مقامات اور مقدس ہستیوں کی توہین کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج سے ملک گیر تمام مذاہب کے مقدسات کے احترام کی مہم شروع کر رہے ہیں‘ اس سلسلہ میں پاکستان کے تمام مسالک سے رابطہ کریں گے اور ایک دوسرے کے مقدسات کے احترام کی دعوت دیں گے۔طاہر اشرفی نے کہاکہ اقوام متحدہ نے اسلامو فوبیا کو عالمی دہشت گردی قرار دیا ہے اور ہم اقوام متحدہ کے اس اقدام کو سراہتے ہیں‘توہین مذہب یا توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال کو روکنا ہو گا‘خوشاب واقعہ میں جس شخص نے ناموس رسالت کے معاملے میں قتل کیا اسکو عدالت نے سزا دے دی ہے۔

معاون خصوصی نے کہاکہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو تحفظ دیتا ہے‘پاکستان امن کا داعی اور معاون ہے بدامنی میں نہیں ہے‘پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی اورپاکستان بھی امید کرتا ہے کہ پاکستان کے خلاف بھی کوئی سرزمین استعمال نہیں ہوگی‘افغانستان میں امن چاہتے ہیں اورافغان عوام کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مذہبی اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے‘آئین کے تحت قادیانی مسلم شعائراستعمال نہیں کر سکتے ‘جب وہ مسلم شعائر کا استعمال کرتے ہیں تو امن و امان کو برقررار رکھنے کے لیے قانون حرکت میں آتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دنیا پاکستان میں مذہبی بنیادوں پر تقسیم چاہتی ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ملک میں تمام مسالک مکمل امن امان اور باہمی اتحاد سے اپنے مذہبی امورو عبادات سرانجام دیتے ہیں اور کوئی بھی مسلکی اور مذہبی اختلاف نہیں ہے‘محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں اور دوسرے کو چھیڑو نہیں پالیسی پر عمل پیرا ہو کر امن وامان کے قیام کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں آئندہ دو تین ماہ بہت اہم ہیں۔