آئین پاکستان ریاست کے ہر شہری کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے ، اسد قیصر

323
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اپنے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ آئین پاکستان ریاست کے ہر شہری کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے اور ان کے تحفظ کا ضامن ہے،آئین کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے 48 ویں یوم دستور کے موقع پر کیا جو ہر سال 10 اپریل کو پورے ملک میں منایا جاتا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 48 سال قبل ملک کی پہلی جمہوری طور پر منتخب ہونے والی پارلیمنٹ کے نمائندوں نے ملک کو جمہوریت، امن و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے متفقہ طور پر آئین پاکستان کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا اصل مقصد آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے جمہوری قوتوں کی ملک میں جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کے لئے قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری قوتوں نے ہمیشہ آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لئے اپنی کوشش جاری رکھیں ہیں۔ انہوں نے آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کے لئے قربانیاں دینے والے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

سپیکر نے کہا کہ موجودہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر عمل درآمد کرتے ہوئے وفاقی اکائیوں کو آئین میں دیے گئے اختیارات اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی دن ہمیں اس مقدس دستاویز کے ہر حرف کا تحفظ کرنے کے عہد کا موقع فراہم کرتا ہے جس کی وجہ سے ہم بحثیت قوم برابری کی سطح پر اکٹھے ہیں ۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئین کا دن منانے کا مقصد اس کی بالادستی کو برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے لیے اس کی اہمیت و افادیت کو اُجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔