اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئین پاکستان شہریوں کے حقوق، وفاق اور اکائیوں کے اتحاد کا ضامن ہے، ملکی سلامتی و ترقی آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں ہی ہے، آئین تمام صوبائی اکائیوں کو ساتھ لے کر چلتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں شہداء جمہوریت کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے سلسلہ میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک و قوم کو 1973ء کا متفقہ آئین دیا، 1973ء کا آئین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی امانت ہے، ملک کا کاشتکار اور مزدور طبقہ آج بھی شہید بھٹو کو یاد کرتا ہے، وہ ملک کے غریب طبقہ کی آواز بنے۔ انہوں نے کہا کہ ہر آمرانہ دور آئین پاکستان کیلئے کڑا امتحان رہا، آج ہم جس وقت سے گزر رہے ہیں یہ بھی ایک امتحان ہے، ملک کی سلامتی و ترقی آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں ہی ہے، ملک آئین کے تحت چلے گا تو عوام کو ان کے حقوق ملیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی آئین کے خلاف فیصلے ہوئے ملک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ملک کو حالیہ مشکلات سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کے حقوق، وفاق اور اکائیوں کے اتحاد کا ضامن ہے، ملک آئین کے تحت چلے گا تو عوام کو ان کے حقوق ملیں گے، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی آئین توڑا گیا ملک کو نقصان اٹھانا پڑا۔