آئین پاکستان ملک میں رہنے والی اقلیتی برادری کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری

56

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کرسمس کے پرمسرت موقع پر ملک میں بسنے والی مسیحی برادری اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پاکستان ملک میں رہنے والی اقلیتی برادری کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔

اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ اللہ تعالی ٰ نے حضرت عیسٰی علیہ السلام کو محبت، بھائی چارے اور امن کی تبلیغ کے لیے مبعوث فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ کا برگزیدہ اور سچا پیغمبر مانتے ہیں اور ان کا یوم ولادت مسلمانوں کے لیے بھی باعث مسرت ہے۔ سپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت آئین پاکستان اور قائد اعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کے مطابق تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی خصوصاً تعلیم اور طب کے شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ سپیکر نے دنیا میں پائید ار امن کے قیام کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی امن، محبت اور بھائی چارے کی تعلیمات کو عام کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے لائے ہوے محبت، بھائی چارے اور امن کے پیغام پر سب متفق ہیں اور مسلمان ان کو اللہ کا سچا نبی مانتے ہیں۔ انہوں نے ملک کی تعمیرو ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے ملک میں بسنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور ملک میں بسنے والی مسیحی برادری کو مبارکباد دی۔