اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے حوالے سے صحافیوں پر اہم ذمہ دار ی عائد ہوتی ہے، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے تربیتی کورسز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر پی آر اے کے صدر عثمان خاں، سیکرٹری نوید اکبر اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ صحافی کسی بھی جمہوری معاشرے کا اہم کردار ہوتے ہیں، پی آر اے کے تمام رپورٹرز پارلیمانی کوریج احسن طریقے سے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے حوالے سے صحافیوں پر اہم ذمہ دار ی عائد ہوتی ہے،نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے تربیتی کورسز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، میڈیا سے وابستہ لوگ بھی استعداد کار بڑھانے کے لئے جدید کورسز کا حصہ بنیں۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے پی آر اے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ عثمان خان صدر پی آر اے نے کہا کہ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کو نوجوانوں کے امور کے حوالے سے اہم ذمہ داری دی گئی ہے، امید ہے کہ پاکستان کے نوجوان یوتھ پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ اس موقع پر پی آر اے کے سیکرٹری نوید اکبر نے تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔