آئین کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کا سفر آگے بڑھتا رہے گا ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

133

اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے آئین کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کا سفر آگے بڑھتا رہے گا ،ماضی میں حکومتوں نے قانون کی اپنی مرضی کی تشریح کی،عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ملک میں قانون کی تشریح الگ الگ نہیں ہو گی ،ملک میں یکساں قانون وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے ،دو بڑی شخصیات کا قانون کے تابع آنا مثبت پیشرفت ہے،کوئی ٹولہ جمہوریت کا راگ الاپ کر غیر قانونی اثاثوں کو تحفظ نہیں دے سکے گا،آئندہ مالی 2019-20 کے بجٹ امیر اور غریب کے درمیان توازن اور کفایت شعاری کے اقدامات سے جوڑا گیا ہے،بجٹ عوام دوست پالیسیوں کا عکاس ہوگا۔وہ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہیں تھیں ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 70سال سے طاقتور لوگوں نے ملک کو یرغمال بنا رکھا تھا اور قوانین کی تشریح بھی مرضی سے کی جاتی رہی ۔وزیراعظم عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ملک میں قانون کی تشریح الگ الگ نہیں ہو گی،آج حکومت نے قانون پر عملداری سے عوام کے دل جیتے ہیں،طاقتور شخصیات کو قانون کے تابع لانا اور عدلیہ کی آزادی عمران خان کا خواب تھا، ملک میں قانون کی بالادستی ہو گی،ہم توقع رکھتے ہیں کہ ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کا سفر اسی طرح آگے بڑھتا رہے گا ۔