اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے مطابق تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے ، تعلیم اور خواندگی ہماری قوم کے مستقبل کی بنیادہیں، قوموں کا مقدر بدلنے میں تعلیم اور خواندگی کا اہم کردار ہے۔
ایوانِ صدرپریس ونگ کی جانب سے عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ قوموں کا مقدر بدلنے میں تعلیم اور خواندگی کا اہم کردار ہے، تعلیم اور خواندگی ہماری قوم کے مستقبل کی بنیادہیں،آئین کے آرٹیکل 25 اے کے مطابق تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے ، آج ہم ہر شہری کو تعلیم فراہم کرنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں ۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ناخواندگی کے مسئلے کے پیش ِنظر قومی تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا ،تعلیمی ایمرجنسی کا مقصد سکول نہ جانے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کرنا ، 7 کروڑ بالغ افراد کو تعلیم دینا ہے۔ صدر مملکت نے ہر خواندہ شہری سے اپیل کی کہ وہ کم از کم ایک ناخواندہ شخص کو تعلیم دے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ خواندگی میں اضافے کیلئے بے نظیر تعلیمی وظائف دیے جارہے ہیں،مستحق بچوں کو اعلیٰ ثانوی سطح تک تعلیمی وظائف کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے،تمام اضلاع میں لڑکوں کے لیے 4000 اور لڑکیوں کے لیے 4500 روپے تک فی سہ ماہی وظیفے دیے جا رہے ہیں،
اس وقت 97 لاکھ بچے بے نظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ کم آمدنی والے خاندانوں کے طلبہ کو 102,000 انڈرگریجوایٹ اسکالرشپس دی گئی ہیں ،ہمیں تعلیم کے عالمگیر حق کے فروغ کے قومی مقصد کے لیے خود کو دوبارہ وقف کرنا ہوگا،ملک کے مستقبل کی تشکیل میں ہر فرد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔