اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کے انعقاد کا مقصد پاکستان کی عوام میں آئین کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں کہا کہ آئین ہی وہ واحد دستاویز ہے جس پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کا قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک ساتھ جشن منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئین ریاست کی وہ روح ہے جس نے عوام اور ریاست کے درمیان غیر متزلزل تعلقات کو یقینی بنایا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئین کی گولڈن جوبلی منانے کے لیے قومی اسمبلی کی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات محترمہ مریم اورنگزیب نے شرکاء کو وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے ٹاک شوز کی شروعات سمیت اٹھائے گئے دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گولڈن جوبلی کی تقریب 8 اپریل 2023 سے شروع ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ معلومات کو حتمی شکل دینا، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے کام اور تیاریوں کے بارے میں مختصر معلومات اور ان کی نشریات اور کوئز مقابلے اور ٹاک شو جیسی تمام چیزیں تیار کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بیرونی پبلسٹی ونگ کی جانب سے تمام غیر ملکی سفارتی مشنوں اور سفارت خانوں میں تقریب کا اہتمام کرنے کے لیے سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ چیئر مین نادر نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نادرا ایک موبائل ایپ متعارف کرا رہا ہے جس کا عنوان ہے "اپنے آئین کو جانیں”۔ چیئرمین نادرا نے کمیٹی کو بتایا کہ نادرا ایپ کو حتمی مراحل میں داخل ہے اور یکم اپریل تک تیار ہو جائے گی۔ کنوینر قومی مشاورتی کمیٹی سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے آئینی یادگار کی اہمیت اور طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کی یادگار بنانے کے لیے ڈی چوک کے مقام پر غور کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریبات صوبائی اور وفاقی سطح پر منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کے اقدامات کو بھی سراہا۔ ممبر ایڈوائزری کمیٹی فرحت اللہ بابر نے تجویز پیش کی کہ آئین کے نفاذ سے معاشرے کے ہر طبقے کی قربانیوں کی یاد منائی جائے۔ کنوینر ویمن پارلیمنٹری کاکس شاہدہ رحمانی نے کہا کہ خواتین کے حقوق جو 1973 کے آئین میں درج ہیں تمام تعلیمی سطح پر پڑھائے جائیں۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا خاص طور پر خواتین کے کالجوں اور یونیورسٹیوں کو توجہ دینے دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ممبر قومی اسمبلی مہناز ابکر عزیز نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک بھر میں اعلانیہ مقابلے منعقد ہوئے۔ ممبر قومی اسمبلی محترمہ آسیہ عظیم نے بھی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف سپیشل ایجوکیشن کے ان اقدامات کو سراہا جو ان کے اعلانیہ پر مقابلے شروع کیے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گولڈن جوبلی تقریبات کا مقصد آئین پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کا جشن منانے کے لیے جامع سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں تین روزہ کنونشن منعقد ہوگا جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ آئین وہ دستاویز ہے جس نے ہم سب کو متحد رکھا ہوا ہے۔ موجودہ پارلیمنٹ کی طرف سے کی گئی عدالتی اصلاحات کے حوالے سے صحافی کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا تقدس برقرار رکھنا ہمارا بنیادی مقصد رہے گا،
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہیں۔ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ قابل مذمت ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ گولڈن جوبلی کی تقریب میں تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا اور گولڈن جوبلی تقریبات میں بین الاقوامی کنونشن بھی منعقد کیا جائے گا۔