آئیڈیاز نمائش کا انعقاد دفاعی پیداوار کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، نمائش کے ذریعے دنیا کو پاکستانی مصنوعات حاصل کرنے کا موقع میسر آتا ہے، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا آئیڈیاز 2024 کی سافٹ لانچنگ تقریب سے خطاب

226
Jam Kamal Khan
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ آئیڈیاز نمائش کا انعقاد دفاعی پیداوار کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کا دفاعی پیداوار کا شعبہ مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی دفاعی اشیاء مہیا کر رہا ہے ، آئیڈیاز نمائش کے ذریعے دنیا کو پاکستان کی مصنوعات حاصل کرنے کا موقع میسر ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آئیڈیاز 2024 کی سافٹ لانچنگ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز نمائش کا انعقاد دفاعی پیداوار کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کا دفاعی پیداوار کا شعبہ مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی دفاعی اشیاء مہیا کر رہا ہے اور پاکستان کی مصنوعات اپنا منفرد مقام رکھتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے ہمیشہ امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ، یونائیٹڈ نیشن کے امن مشنز میں پاکستانی افواج نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ملک میں امن کو قائم کرنے میں پاک فوج کا بنیادی کردار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی پیداوار کا شعبہ بہترین اور عالمی معیار کے ٹینک ، آرمرڈ وہیکل، فاسٹ اٹیک میزائل اور لڑاکا طیاروں کے پرزہ جات بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر دفاعی مصنوعات بھی بنا رہا ہے جو اپنا منفرد مقام رکھتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز نمائش کے ذریعے دنیا کو پاکستان کی مصنوعات حاصل کرنے کا موقع میسر ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ آئیڈیاز نمائش میں شرکت کرنے کا موقع تب ملا جب وہ ڈسٹرکٹ ناظم لسبیلہ تھے ۔

جام کمال نے کہا کہ آئیڈیاز 2022 نمائش کو بھی عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی اور موجودہ ہونے والی اس تقریب میں بھی غیر ملکی مہمانوں کی ایک کثیر تعداد شریک ہے جو پاکستان اور پاکستان کے دفاعی شعبے پر اعتماد کا مظہر ہے ۔