آئیگا سوئیٹک ،باربورا کریجیکووا اور ایلینا ریباکینا ومبلڈن اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں

48

لندن۔4جولائی (اے پی پی):پولینڈ کی ٹینس سٹار ، پانچ گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح اور میگا ایونٹ کی ایٹتھ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک،جمہوریہ چیک کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی دفاعی چیمپئن باربورا کریجیکووا اور قازقستان کی ایلینا ریبا کینا اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ویمنز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں

جبکہ امریکا کی سوفیہ کینن اور یونان کی ماریہ سکاری خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں ہارکر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب کے گراس کورٹ پر شروع ہو چکے ہیں،جس میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں پولینڈ کی ٹینس سٹار آئیگا سوئیٹک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف امریکی ٹینس کھلاڑی کیتھرین میک نیلی کو 7-5، 2-6 اور 1-6 سے شکست دے کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا،جہاں ان کا مقابلہ پھر امریکی حریف کھلاڑی ڈینیئل روز کولنز سے ہوگا۔ایک اور میچ میں 29 سالہ جمہوریہ چیک کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی دفاعی چیمپئن باربورا کریجیکووا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے امریکی حریف کھلاڑی کیرولین ڈولہائیڈ کو 4-6، 6-3 اور 2-6 سے شکست دے کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔

قازقستان ا کی ٹینس کھلاڑی ایلینا ریباکینا نے بھی دوسری رکاوٹ عبور کر لی ،انہوں نے دوسرے رائونڈ میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف یونانی ٹینس کھلاڑی ماریہ سکاری کوسٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 1-6 سے پچھاڑ کر میگا ایونٹ کے ویمنز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔