26.5 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںآئیے ایک سرسبز اور صحت مند زمین اور پاکستان کیلئے مل کر...

آئیے ایک سرسبز اور صحت مند زمین اور پاکستان کیلئے مل کر کام کریں، کرہ ارض کے پائیدار مستقبل کے تحفظ کیلئے اقدامات کا عہد کریں، شیری رحمان

- Advertisement -

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے عوام پر زور دیا ہے کہ آئیے اس عید اور یوم ارض کے موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے سیارے کی حفاظت اور مزید پائیدار مستقبل کیلئے اقدامات اور مل کر کام کریں جس سے گرین ہائوس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے، حیاتیاتی تنوع کو محفوظ رکھنے اور دیگر ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، یاد رکھیں کہ ہم اسی وقت تک سانس لیں گے جب ہماری زمین سانس لے گی، آئیے ایک سرسبز اور صحت مند زمین اور پاکستان کیلئے مل کر کام کریں۔

اتوار کو اپنے سیریز آف ٹویٹس میں وفاقی وزیر نے قوم کو عید کی مبارکباد بھی دی اور ورلڈ ارتھ ڈے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا جو دنیا بھر میں ”اپنے سیارے میں سرمایہ کاری” کے تھیم کے تحت منایا جا رہا ہے۔ سینیٹر شیری رحمان نے ٹویٹ میں کہا کہ میں اپنے ہم وطنوں کو عید کی بہت بہت مبارکباد پیش کرتی ہوں، ایک نہیں بلکہ دو اہم ترین دن ہیں، عید کے ساتھ ساتھ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ارتھ ڈے بھی منایا جا رہا ہے جس کا مقصد ہماری زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات کے حوالے سے عوام میں آگاہی کا اندازہ لگانا اور پھیلانا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی بحران ہے جو براہ راست ہمارے سیارے اور زندگیوں کو متاثر کر رہا ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ کرہ ارض کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے لے کر وجودی خطرات تک کے بے مثال ماحولیاتی چیلنجوں کا سامنا ہے، زمینی وسائل کا اندھا دھند استعمال آلودگی اور دیگر ماحولیاتی مسائل کا باعث بن رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو زمین کی حفاظت کیلئے قابل تجدید توانائی، پائیدار زراعت، پلاسٹک کے خاتمے، آب و ہوا کے موافق طرز زندگی اور جنگلات میں سرمایہ کاری کو ترجیح دینا ہوگی۔

شیری رحمان نے کہا کہ اس سے گرین ہائوس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے، حیاتیاتی تنوع کو محفوظ رکھنے اور دیگر ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، یاد رکھیں کہ ہم اسی وقت سانس لیں گے جب ہماری زمین سانس لے گی، آئیے ایک سرسبز اور صحت مند زمین اور پاکستان کیلئے مل کر کام کریں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=360548

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں