اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):انٹرنیشنل فیڈریشن آف سپورٹس کلائمبنگ (آئی ایف ایس سی)نے الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) کے نو منتخب صدر میجر جنرل عرفان ارشد کو مبارکباد کا خط ارسال کیا ہے۔
بدھ کو پی ایس بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی ایف ایس سی جو کہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کی منظور شدہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف سپورٹس کلائمبنگ نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے الیکشن کمیشن کے تحت ہونے والے انتخابات کو تسلیم کرتے ہوئے اس اہم کامیابی پر صدر الپائن کلب آف پاکستان میجر جنرل عرفان ارشد کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف سپورٹس کلائمبنگ کے صدر مارکو ماریا اسکولاریس کی جانب سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ وہ الپائن کلب آف پاکستان کے ساتھ مل کر سپورٹس کلائمبنگ کو پاکستان میں فروغ دینے کے لیے پُر امید ہیں اور نو منتخب قیادت کی رہنمائی میں پاکستانی ایتھلیٹس کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الپائن کلب آف پاکستان کی کوششیں ملک میں سپورٹس کلائمبنگ کو قومی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف سپورٹس کلائمبنگ مستقبل میں بھی ان کوششوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔