اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):بین الاقوامی ادارہ محنت(آئی ایل او) اور اٹلی کی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون(اے آئی سی ایس) نے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار ترقی کے فروغ کے لئے نیا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فریقین کے درمیان تین سالہ شراکت داری جون 2025 سے شروع ہو گی جس کا مقصد خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بناتے ہوئے ماحول وموسمیاتی طور پر موزوں ہنر وں کی تربیت، کاروباری ترقی اور باعزت روزگار کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان میں آئی ایل او کے کنٹری ڈائریکٹر گیر ٹونسٹل اور پاکستان میں اٹلی کی سفیر مارلینا آرمیلن نے دستخط کئے ۔
”مردوں،خواتین اورنوجوانوں کیلئے منصفانہ تبدیلی: پائیدار تعمیرات اور ایکو ٹورزم میں ہنر کی تربیت و روزگار کی فراہمی“کے عنوان سے منصوبے کے تحت صوبائی ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ اداروں میں موسمیاتی لحاط سے موزوں تعمیرات سے متعلق تربیتی ماڈیولز شامل کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں تعمیراتی شعبے میں کام کرنے والے افراد کے لئے اسناد کی فراہمی کو فروغ دیا جائے گا تاکہ وہ ملک اور بیرون ملک باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
اس منصوبہ سے خواتین اور نوجوانوں کی قیادت میں نہ صرف کاروباری اداروں خاص طور پر ایکو ٹورزم کے شعبے کوفروغ دینے میں مدد ملے گی بلکہ پیشہ وارانہ تحفظ وصحت کے معیار کوبھی بہتر بنایا جائے گا تاکہ کام کرنے کا ماحول محفوظ تر اور صحت مند ہو۔پاکستان میں اٹلی کی سفیرمارلینا آرمیلن نے اس موقع پربتایا کہ ہمیں اس منصوبے کا حصہ بننے پر فخر ہے جو ہماری ماحولیاتی، صنفی مساوات اور اقتصادی خود مختاری کی ترجیحات سے ہم آہنگ ہے۔انہوں نے کہاکہ اٹلی بین الاقوامی ادارہ محنت کے ساتھ مل کرپاکستان میں پائیدار ترقی اور باوقار روزگارکی فراہمی کے لئے کام کر رہاہے۔
بین الاقوامی ادارہ محنت کے کنٹری ڈائریکٹرگیر ٹونسٹل نے اطالوی حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ شراکت داری ایک مضبوط اور پائیدار مستقبل کی بنیاد ہے۔ ہنر، ماحولیات اور جامع ترقی میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہم قدرتی آفات سے متاثرہ کمیونیٹیز کی مددکررہے ہیں تاکہ وہ باعزت طریقے سے دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہو سکیں۔یہ منصوبہ حکومتِ پاکستان کی بعد از سیلاب بحالی کی حکمت عملی، اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی فریم ورک، صوبائی اقتصادی بحالی منصوبوں اور عالمی ملازمت و سماجی تحفظ کے ایجنڈے کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596950