اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے موثر معاشی اقدامات کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے، عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، اپوزیشن ملک کو درپیش چیلنجز پر سیاست کی بجائے مثبت تجاویز دے، مل کر ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر ثانیہ نشتر کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں سب نے مل کر اس نہج پہنچایا ہے، جب اقتدار میں آئے تو ملک معاشی دیوالیہ پن کی حدود کو چھو رہا تھا، آئی ایم پروگرام معطل تھا، ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا تھا، یہ ہمیں وراثت میں ملا، یوکرین جنگ، عالمی کساد بازاری اور مہنگائی کے معیشت اور توانائی پر اثرات مرتب ہوئے، موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام بحال کیا جس کے لئے بڑے اقدامات کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کا سامنا تھا، سیاسی مقاصد کے لئے سیاست کی گئی جس سے پاکستانی کاز کو نقصان پہنچا، جب اقتدار میں آئے تو ملک کو تاریخی خسارے کا سامنا تھا،آئی ایم ایف کے پاس جانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا، ملکی تاریخ کا تباہ کن سیلاب آیا، ملک کی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ سابق حکومت کے کئے گئے وعدے پورے کئے، آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے بات چیت کر رہے ہیں، درست سمت اختیار کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا، موجودہ حالات سے انتظامی طور پر نمٹنا ضروری ہے، پالیسی اقدامات پر عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ براہ راست ٹیکسوں سے وصولی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، بی آئی ایس پی پروگرام سمیت دیگر اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسان پیکج شروع کیا گیا ہے، ہر پاکستانی کو اپنی سیاست اور حلقہ کے بارے میں سوچنے کی بجائے ملکی مفاد میں اتحاد کا مظاہرہ کرے، ہمیں ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا، ہمیں سٹرکچر اصلاحات کو اپنانا ہو گا، ہمیں فیصلہ کرنا ہو گا کہ میں اپنے بچوں کو خوشحال پاکستان دینا ہے یا نہیں، اپوزیشن کی اچھی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔