آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان سٹاف سطح کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف

133

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انتونیت مونیسو سایح نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان سٹاف سطح کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں آئی ایم ایف کے موسم بہار کے اجلاس کے موقع پاکستان کی ٹیم کے ساتھ میٹنگ میں کہی۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد سے زوم کے ذریعے آئی ایم ایف/ورلڈ بینک کے موسم بہار کے اجلاس میں شرکت کں ۔

وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا نے اسلام آباد سے اجلاس میں ورچوئل شرکت کی۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود احمد خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ، اور سیکرٹری اقتصادی امورنے واشنگٹن ڈی سی میں ذاتی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور انتونیت مونیسو نے حکومت پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں واصلاحات اور آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے لیے پیشگی اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ نے انہیں ملک کے معاشی منظرنامے اور معاشی استحکام لانے کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا جس کی وجہ سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت نویں جائزے کے لئے تمام پیشگی اقدامات مکمل ہو چکے ہیں اور حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کیا گیا ہے ۔

آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے حکومت کی پالیسیوں کو سراہا اور آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ پیشگی اقدامات کے نفاذ کے سلسلے میں مختلف شعبوں میں حکومت کے اقدامات کی حمایت کی۔ انہوں نے پاکستان کےساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے اپنی حمایت کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان کے ساتھ سٹاف سطح کا معاہدہ جلد ہو جائےگا۔