
اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد نے جمعرات کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ یہ وفد پاکستان کو درپیش معاشی اور مالیاتی مسائل کا جائزہ لینے کے حوالے سے پاکستان کے دورے پر ہے۔ وفدکی قیادت مشیر و ٹیم لیڈر ہیرالڈ فنگر اور ڈپٹی ڈائریکٹر مشرق وسطی اور وسطی ایشیاء تالین کوران چیلین نے کی جبکہ چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سیکرٹری عمر حمید خان نے سینئر مینجمنٹ کے ہمراہ بی آئی ایس پی کی نمائندگی کی۔ ہیرالڈ فنگر نے مختصر کلمات میں قومی سماجی تحفظ میں بی آئی ایس پی کے کردار اور اس کی کارکردگی کو سراہا اور پسماندہ طبقات کی غربت کے خلاف جنگ میں مدد کرنے پر بھی بی آئی ایس پی کی تعریف کی۔ انہوں نے مجموعی طور پر ملک کو درپیش معاشی مسائل کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ سماجی تحفظ کے شعبے پر توجہ مرکوز کرنا بہت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماجی تحفظ پر کام کرنے کیلئے بی آئی ایس پی کا ماڈل بہت متاثر کن ہے۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی عمر حمید خان نے وفد کو پروگرام کے مختلف اقدام اور قومی و بین الاقوامی شراکت داریوں سے متعلق سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔