آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری اور سعودی عرب کی جانب سے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر ڈیپازٹ کرانے کے بعد معاشی استحکام کی توقع ہے،سینیٹر شیری رحمان

140
شیری رحمان

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری اور سعودی عرب کی جانب سے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر ڈیپازٹ کرانے کے بعد معاشی استحکام کی توقع ہے، تحریک انصاف کی سابق حکومت نے پاکستان کے لئے جو معاشی دلدل پیدا کی تھی اس سے ہم آہستہ آہستہ نکل رہے ہیں۔

بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کی بھرپور کوشش کی، یہ نئی حکومت کیلئے ورثے میں ریکارڈ قرضاجات اور عوام کیلئے شدید معاشی بحران چھوڑ کر گئے تھے۔ تحریک انصاف نے حکومت میں رہتے ہوئے آئی ایم ایف کے معاہدے کی خلاف ورزی کی تاکہ اتحادی حکومت کو معاشی عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑے۔

انہوں نے آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کرنے کیلئے ہر ممکن پروپیگنڈا کیا اور خط لکھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے ملکی معیشت کو جس نہج پر پہنچایا تھا اس سے نکلنے میں ابھی بہت وقت لگے گا ۔