
اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ کی سہولت کے تعاون سے حکومت جس اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اس کا مقصد معیشت کو پائیدار بڑھوتی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے اور تقریباً تمام کارکردگی اور ڈھانچہ جاتی علامات پر پیشرفت مالی سال 2020ءمیں نمایاں ہو گی جو مضبوط اشاریوں کے ساتھ اب تک بہت حوصلہ افزاءہے اور تمام اہداف مکمل ہوں گے۔ جمعہ کو وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزارت خزانہ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری اصلاحاتی پروگرام کیلئے مکمل پرعزم ہے، اصلاحاتی پروگرام میں سات نکاتی کارکردگی کا ضابطہ کار، پانچ اہداف پر مبنی اشاریے اور 13 ڈھانچہ جاتی اصلاحات میں سے تمام اشاریے حوصلہ افزاءہیں۔ وزارت نے ذرائع ابلاغ کے ایک شعبہ میں مالی سال 2020ءمیں ایک کھرب روپے کے خلاءکا سامنا کرنے کے حوالہ سے خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس تاثر کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ نے مزید کہا کہ مالی سال 2019ءمالیاتی کے نتائج نمو میں کمی کی وجہ سے تھے اور مالیاتی اور زر مبادلہ کی شرح میں اصلاحات ، تیل کی بڑھتی قیمتوں سے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے اور معاشرتی حفاظت کے نیٹ ورک میں توسیع اور ہندوستان کے ساتھ سرحد پر کشیدگی میں اضافے سمیت تین اہم عوامل تھے۔