اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے طلباء کی سہولت کے پیش نظر "کسٹمر کیئر ڈیسک” کا افتتاح کر دیا ہے جس کا افتتاح وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام علی ملاح سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام علی ملاح نے بتایا کہ اب طلبہ اپنی اسناد کی تصدیق کے لئے آن لائن سروس سے استفادہ کر سکیں گے اور کیو آر کوڈ کے ذریعے اپنی اسناد کی تصدیق کا عمل با آسانی ملاحظہ کیا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پورے ملک سے طلبہ اپنی اسناد کی تصدیق سمیت دیگر شکایات 24گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن کسٹمر کیئر ڈیسک پر درج کرا سکتے ہیں۔ دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود طلبہ یا والدین ای میل کے ذریعے آئی بی سی سی سے رابطہ کر سکتے ہیں اور انہیں 24 گھنٹے کے اندر جواب دیا جائے گا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بتایا کہ کسٹمر کیئر ڈیسک کا بِیٹا ورژن گزشتہ 6 ماہ سے آزمائشی بنیادوں پر فعال تھا جسے اب باضابطہ طور پر عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت اور شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ علم مومن کی کھوئی ہوئی میراث ہے، اسناد کی تصدیق کا عمل اب طلبہ کے لئے سہل بنا دیا گیا ہے تاکہ انہیں دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد تعلیمی معاملات میں صوبے خودمختار ہیں لیکن وفاقی سطح پر آئی بی سی سی کا قیام تعلیمی ہم آہنگی اور معیار کے فروغ کے لئے کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر آئی بی سی سی میں شجرکاری مہم کے تحت ایک پودا بھی لگایا۔ کیمبرج پیپر لیک کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ جیسے ہی اس کی حتمی رپورٹ مکمل ہوگی اسے عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعلیمی نظام میں شفافیت اور سہولت دونوں کو فروغ ملے گا۔