آئی جی اسلام آباد خاتون صحافی سے ڈکیتی کے واقعہ کے حوالے سے فوری اقدام کریں، چیئرمین سینیٹ کی ہدایت

105
چین کے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات فخر کا باعث ہیں، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ہدایت کی ہے کہ آئی جی اسلام آباد خاتون صحافی نوشین یوسف سے ڈکیتی کے واقعہ کے حوالے سے فوری اقدام کریں اور صحافیوں کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ہدایت کی کہ آئی جی پولیس صحافی نوشین یوسف سے ڈکیتی کے واقعہ کے حوالے سے فوری اقدام کریں اور صحافیوں کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ صحافیوں کی آزادی، غیر جانبداری اور تحفظ اظہار رائے کے لئے صحافتی اداروں اور تنظیموں کی مشاورت سے پروٹیکشن آف جرنلسٹ بل 2021ء منظور ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوشین یوسف کے معاملے پر اسلام آباد پولیس کارروائی کر رہی ہے، کروڑ لعل عیسن میں صحافی اختر عباس کے بھائی کے قتل کے معاملے کی تفصیلی معلومات حاصل کریں گے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ قبل ازیں سینیٹر عرفان صدیقی نے ایوان کو آگاہ کیا کہ خاتون صحافی نوشین یوسف پر حملہ ہوا، پرس اور موبائل چھیننے کی کوشش کی گئی جس دوران وہ زخمی بھی ہوئی، ڈان کے صحافی اختر عباس کے بھائی لیہ میں قتل ہوئے،

ان قاتلوں کے سراغ لگانے کی کوئی کوشش نہیں کی جا رہی، نعیم نفیس کو گھر سے اٹھایا گیا، پھر سلامتی کے ساتھ واپس آ گئے، سینئر صحافیوں کے ساتھ جو ہوتا رہا وہ آپ کے سامنے ہے، جرنلسٹ پروٹیکشن بل ایکٹ کی صورت اختیار کر چکا ہے، یہ بہت سنگین مسئلہ ہے، صحافی بہت مشکل حالات میں کام کرتے ہیں، کئی کئی ماہ ان کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوتی لیکن ان کے جان و مال کے لئے مسائل اور مشکلات ہیں، ان کے مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ صحافیوں کو ہر طرح کی پروٹیکشن دینا ہمارا قانونی اور آئینی ذمہ داری ہے۔