اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈائون کا جائزہ لیا اور نے تمام افسران کو جرائم پیشہ عناصر بالخصوص منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لانے کے احکامات جاری کئے،شہریوں کے تعاون سے معاشرے میں اس ناسور کو پھیلانے والے مجرمان کا انسداد کیا جائے گا۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تھانہ کھنہ میں سینئر پولیس افسران کے ساتھ کرائم میٹنگ کی۔انہوں نے تھانہ کھنہ میں جرائم پیشہ عناصر ،منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جاری کریک ڈائون کا جائزہ لیا۔
انہوں نے تمام افسران کو جرائم پیشہ عناصر بالخصوص منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لانے کے احکامات جاری کئے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی ہمارا اولین فرض ہے جس کی تکمیل کے لئے ہر افسر کو فیلڈ میں اپنی کارکردگی دکھانی ہے،شہریوں کے تعاون سے معاشرے میں منشیات جیسے ناسور کو پھیلانے والے مجرمان کا انسداد کیا جائے گا،تمام افسران شہریوں کے تعاون سے مجرموں کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم لئے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو منشیات سے پاک شہر بنانے کے لئے یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔اس سلسلہ میں ڈی آئی جی اسلام آباد شاکر حسین داوڑ کی زیر نگرانی اسلام آباد پولیس ٹیموں نے تھانہ کھنہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گرینڈ آپریشن عمل میں لایا۔
دوران آپریشن گھروں، دکانوں ،سرائے، ہو ٹلزاور مشکوک گاڑیوں کو چیک کیاگیا،منشیات سپلائی اور منشیات فروشوں کرنے والے درجنوں بڑے ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ آپریشن کے دوران منشیات فروشوں کے کئی ٹھکانے مسمار بھی کئے گئے۔ خصوصی پولیس ٹیمیں منشیات سمگلنگ کے نیٹ ورک میں ملوث ڈیلرزکے خلاف کارروائیاں عمل میں لارہی ہیں جبکہ نوجوانوں کی رگوں میں منشیات کا زہر اتارنے والوں کے خلاف کر یک ڈائون جاری رہے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580875