اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سینئر پولیس افسران کو ڈکیتی، قتل، رابری، سٹریٹ کرائم سمیت دیگر مقدمات میں ملزمان کی گرفتاریوں اور سنگین جرائم،سٹریٹ کرائم اور کرائم ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دینے کے احکامات دیئے ہیں،شہریوں کے جان و مال اور ان کی عزت کا تحفظ ہمارا اولین فرض ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلا م آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں کرائم کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس میں ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا،ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہ زیب سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارلحکومت میں جرائم کی مجموعی صورتحال اور جرائم کے انسداد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس افسران کو مقررہ وقت کے اندر ڈکیتی، قتل، رابری، سٹریٹ کرائم سمیت دیگر مقدمات میں ملزمان کی گرفتاری اور زیر تفتیش مقدمات میں شواہد کے حصول کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔آئی جی اسلا م آباد نے سینئر پولیس افسران کو سنگین جرائم ،سٹریٹ کرائم اور کرائم ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دینے اور انسداد کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں شہریوں کے جان و مال اور ان کی عزت کا تحفظ اسلا م آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے،تمام پولیس افسران شہرمیں موثر گشت کو یقینی بناتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے انسداد کو یقینی بنائیں۔