اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرصدارت رمضان المبارک کے آخری عشرہ، جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات اور کرائم کا جائزہ لینے کے لئےاہم اجلاس منعقد ہوا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔آئی جی اسلام آباد نے یوم حضرت علیؓ کے جلوس کی بہترین سکیورٹی پر افسران و جوانوں کو شاباش دی۔
آئی جی اسلام آباد نے بری امام اور جی سیون جلوسوں پر سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔جلوسوں میں 1500 سے زائد افسران و جوان فرائض سرانجام دیں گے،23 مارچ کے سلسلہ میں ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں سکیورٹی انتظامات مزید موثر بنائے جائیں،مساجد اور امام بارگاہوں کے گرد پٹرولنگ مزید بڑھائی جائے۔
سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ مساجد میں شہری اعتکاف پر بیٹھ چکے ہیں۔ایسی تمام مساجد کے اطراف مناسب سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ مارکیٹوں میں پیدل گشت لگایا جائے۔داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کی جائے۔
عید پر چھٹی جانے والے شہریوں کو سکیورٹی کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ یہ عشرہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،ہر افسر مکمل تندہی اور چاک و چوبند ہو کر فرائض سرانجام دے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575380