اسلام آباد ۔ 4 نومبر (اے پی پی) انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس محمد عامر ذوالفقار نے مختلف اضلاع سے ڈیوٹی کے لیے آئے ہوئے پولیس کے افسران وجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے رات بھر جوانوں کے ہمراہ فرائض منصبی ادا کئے اور نماز فجر بھی ان کے ساتھ کھلے آسمان تلے ادا کی۔ پیر کو اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اپنے ٹویٹ میں ایک تصویر بھی جاری کی ہے جوآئی جی اسلام آباد کی گرین بیلٹ پر نماز فجر کی ادائیگی کے دوران پولیس جوانوں کی طرف سے لی گئی تھی۔ ترجمان نے ٹویٹ میں کہا کہ آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار کے ہمراہ دیگر سینئر پولیس افسران بھی رات بھر ڈیوٹی پر موجود رہے۔ آئی جی اسلام آباد نے دفتر یا گھر کی بجائے رات بھر فورس کے درمیان موجود رہ کر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد مختلف مقامات پر آزاد کشمیر پولیس، ایف سی، کے پی کے پولیس اور اسلام آباد پولیس کے جوانوں کے ساتھ بیٹھے رہے۔ ترجمان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اس فورس کا مورال کیسے کم ہوسکتا ہے جس کا سربراہ ساری رات ان کے ہمراہ فیلڈ ڈیوٹی پر موجود رہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد کو اپنے درمیان پا کر افسران اور جوان نعرے لگاتے رہے۔ اسلام آباد کی فضا رات بھر پاکستان زندہ باد اور پولیس زندہ بادکے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ آئی جی اسلام آباد نے جوانوں کے ہمراہ فرائض منصبی کے ساتھ نماز فجر بھی کھلے آسمان تلے ادا کی۔ ترجمان نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس کے افسران و جوان میرے ہیروز ہیں، جوانوں کے مسائل حل کرنا اور ان کو سہولیات فراہم کرنا میرا فرض ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ کسی جوان کو پہنچنے والی تکلیف مجھے تکلیف پہنچنے کے مترادف ہے۔