آئی جی اسلام آباد کا عاشورہ کے جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

17
آئی جی اسلام آباد کا عاشورہ کے جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس سید علی ناصر رضوی نے اتوار کو وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں بشمول آئی-10، ایف-11 اور جھنگی سیداں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔پبلک ریلیشنز آفیسر نے اے پی پی کو بتایا کہ آئی جی کے ہمراہ سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے جنہوں نے متعدد جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی اقدامات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر آئی جی نے 10 محرم کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔آئی جی نے بتایا کہ اسلام آباد میں 4,000 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ تمام مذہبی اجتماعات کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یومِ عاشورہ کے دن 12 جلوس اور 48 مجالس منعقد ہوں گی جبکہ 9 محرم تک 76 جلوسوں اور 498 مجالس کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جا چکی ہے۔آئی جی کے مطابق ضلع بھر میں 57 سکیورٹی چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں شرکاء کو مکمل تلاشی کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین کی مناسب چیکنگ کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ پورا سکیورٹی آپریشن سیف سٹی کیمروں،ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے جبکہ مرکزی اور موبائل کنٹرول رومز سے سکیورٹی صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نے اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس عاشورہ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر متحرک اور مربوط اقدامات کے تحت تیار ہے۔