اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو عوام کے جان و مال ،سرکاری املاک اور شہر کی بھرپور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ شہر کی سکیورٹی اور جرائم کے سدباب کے لئے سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے سرویلنس کو مزید موثر بنایا جائے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی رضا، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق ،ڈی جی سیف سٹی شاکر حسین داوڑ سمیت تمام اے آئی جیز ،ایس ایس پیز اور تمام زونل ایس پیز نے شرکت کی۔ آئی جی اسلام آباد نے اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام افسران کو عوام کی جان ومال ، سرکاری املاک ،اہم عمارات اور شہر بھر کی بھرپور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ تمام ناکہ جات پر چیکنگ کو بہتر بنانے ،کوائف کے اندرج اور گشت ڈیوٹی کو مزید فعال کیا جائے،شہر میں اہم مقامات کی سکیورٹی اور جرائم کے سدباب کے لیے سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے سرویلینس کو مزید موثر بنایا جائے،مشکوک عناصر کی گرفتاریوں کے لئے تمام علاقوں میں سرچ آپریشنز کئے جائیں اور جرائم پیشہ گروہوں کے ٹھکانوں پر حتمی کریک ڈائون کرتے ہوئے ان کے انسداد کو یقینی بنایا جائے۔ آئی جی اسلام آباد نے افسران کو مزید احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ تھانہ جات میں دوستانہ ماحول کو فروغ دیا جائے اور عوامی شکایات کو فوری حل کیا جائے،ہماری اولین ترجیح عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ان کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=527468