اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):آئی جی اسلا م آباد سید علی ناصر رضوی نے عید الفطر کے ایام میں شہر بھر کا دورہ کیا ،آئی جی اسلا م آباد نے تفریحی مقامات کی سکیورٹی کا جائزہ لیا،سیکیورٹی ڈیوٹیز پر مامور افسران سے ملاقات کی،اسلام آباد پولیس کے عید کے موقع پر ضلع بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کی بدولت کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا،آئی جی اسلام آباد نے بہترین سکیورٹی ڈیوٹی پر افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔
بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے عید کے ایام میں شہربھر میں مختلف علاقوں کا دورہ کیا،انہوں نے تفریحی مقامات کی سکیورٹی کا جائزہ لیا اور ناکہ جات پر تعینات افسران سے ملاقات کی،انہوں نے بہترین سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے پر پولیس افسران کو خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے بہترین سیکیورٹی انتظامات کی بدولت شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا،پولیس افسران کے مستعد ہو کر ڈیوٹی سرانجام دینے پر شہرمیں ہلڑبازی اور ون ویلنگ پر قابو پایا گیا،
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح عید پر پولیس افسران چوکس رہے، ان کو تہہ دل سے خراج تحسین پیش کر تا ہوں،اسلام آباد پولیس کے ضلع بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کی بدولت شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری رہا،اس موقع پرڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق تمام سیکیورٹی اقدامات کا خود جائزہ لیتے رہے،عید کے ایام میں تفریحی مقامات کے اطراف پولیس کے خصوصی دستے تعینات کئے گئے،جبکہ سیف سٹی کیمرہ جات کی مدد سے تمام تفریحی مقامات کی موثر نگرانی عمل میں لائی گئی،
عید کے ایام میں اسلام آباد کے تمام بڑے تفریحی مقامات کو فیملی پارکس ڈکلیئر کیا گیا تھا،اسلام آباد پولیس کے تمام پٹرولنگ یونٹس گشت پر مکمل الرٹ رہے،ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس کی خصوصی سکواڈز تعینات کیے گئے،جبکہ ہلڑ بازی اور ون ویلنگ میں ملوث موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں گئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577992