آئی جی ایف 2025 میں پی ٹی اے اور جی ڈی آئی پی کے مابین ڈیجیٹل شمولیت کے حوالے سے سٹریٹجک تعاون کے فروغ پر اتفاق

5
PTA
PTA

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی اے جامع اور پائیدار ڈیجیٹل تبدیلی کے ضمن میں عالمی اشتراک کے فروغ کے لئے پر عزم ہے۔منگل کوپی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن کی قیادت میں پاکستانی وفد نے انٹرنیٹ گورننس فورم (آئی جی ایف) 2025 کے موقع پر گلوبل ڈیجیٹل انکلوژن پارٹنرشپ (جی ڈی آئی پی) سے اعلیٰ سطحی دو طرفہ ملاقات کی۔

یہ ملاقات دونوں اداروں کے مابین طے شدہ تعاون کے خط کی روشنی میں ہوئی جس میں جی ڈی آئی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اونیکا این مکواکوا بھی شریک تھیں۔دوران ملاقات فریقین نے ڈیجیٹل نظام کو جامع، مساوی اور ہر فرد کی دسترس میں لانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیااوربالخصوص صنفی لحاظ سے حساس پالیسی سازی اور برابری پر مبنی رسائی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

پی ٹی اے نے اپنے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جن میں ’’جینڈر ڈیجیٹل ڈیوائیڈ پروگرام‘‘ کی پیشرفت اور آنے والی ’’سب میرین کیبلز ورکشاپ‘‘ کے نفاذ کا منصوبہ بھی شامل ہے۔مذاکرات میں صنفی شمولیت کی حکمت عملی کے تحت تعاون کی توسیع اور موثر کنیکٹیویٹی و ڈیجیٹل بااختیاری کے لیے نئے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پی ٹی اے جامع اور پائیدار ڈیجیٹل تبدیلی کے ضمن میں عالمی اشتراک کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔