آئی جی ایف 2025 میں پی ٹی اے کی مؤثر شرکت، وفد کی عالمی ڈیجیٹل تعاون کے فروغ اور پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل کے پیش نظر اہم ملاقاتیں

3
Pakistan Telecommunication Authority
Pakistan Telecommunication Authority

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان ہلالِ امتیاز (ملٹری) کی قیادت میں پاکستان نے ناروے کے شہر لیلسٹروم میں منعقدہ انٹرنیٹ گورننس فورم (آئی جی ایف) 2025 میں شرکت کی۔ پی ٹی اے کے وفد نے عالمی ڈیجیٹل تعاون کے فروغ اور پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل کے پیش نظر اہم ملاقاتیں کی۔ جمعہ کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق پی ٹی اے اور آئی جی ایف سیکریٹریٹ کے مابین ایک اہم دوطرفہ ملاقات بھی ہوئی

جس میں انٹرنیٹ گورننس کے بدلتے منظرنامے، پاکستان کی آئی جی ایف میں پیش رفت اور ڈیجیٹل پالیسی سازی میں اشتراک کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جامع، محفوظ اور پائیدار انٹرنیٹ کے قیام کے حوالے سے پی ٹی اے کی جانب سے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔چیئرمین پی ٹی اے نے ڈیجیٹل ترقی اور صنفی شمولیت پر مبنی اعلیٰ سطحی سیشن میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی، جس میں انہوں نے ڈیجیٹل تقسیم میں کمی، پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے اور ڈیجیٹل جدت کے فروغ کے لیے قومی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔

آئی جی ایف 2025 میں پی ٹی اے کی مؤثر شرکت نہ صرف خطے میں پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے قائدانہ کردار کی عکاس ہے بلکہ ایک محفوظ، مربوط اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل پاکستان کے قیام کے عزم کا اظہار بھی ہے۔