آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کی زیر صدارت اجلاس

8

پشاور۔ 13 جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی پراجیکٹ کوآرڈینیشن یونٹ نے سیف سٹی انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی مجوزہ عمارت کے ڈیزائن پر تفصیلی بریفنگ دی۔ جبکہ ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز، ڈائریکٹر جنرل پراجیکٹ کوآرڈینیٹنگ یونٹ ،ڈی آئی جی فنانس، پراجیکٹ ڈائریکٹر سیف سٹی ، چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور اور ڈائریکٹر ورکس پی سی یو اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈی جی پی سی یو نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا ڈیزائن جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے جس میں ایمرجنسی رسپانس، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سمارٹ سرویلنس، اور دیگر ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز شامل ہوں گے۔آئی جی خیبرپختونخوا نے سیکورٹی کے اس اہم منصوبے کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پراجیکٹ کے تمام پہلوؤں میں بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے۔اور امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ پولیس کی استعداد کار میں اضافے اور شہریوں کی سہولت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس منصوبے کی بروقت تکمیل ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے اجلاس کے شرکاءکو ڈیزائن کی حتمی منظوری سے قبل تمام تکنیکی اور مالیاتی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔بعد ازاں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے تھانہ شرقی پشاور سے متصل مختلف جگہوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے انٹیگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے لئے بنائی جانے والی مجوزہ بلڈنگ کے لیے مختلف مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اور اس حوالے سے متعلقہ اعلیٰ افسران کو چند ایک ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ اس موقع پر چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور قاسم علی خان ، ڈی آئی جی آئی ٹی اور ڈائریکٹر سیف سٹی پراجیکٹ رائے اعجاز احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔