پشاور۔ 26 جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس پشاور میں محرم الحرام کے سلسلہ میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں پشاور سے سنی و شیعہ مکتبہ فکر کے مشران، تاجر برادری، امن کمیٹی کے ممبران اور متعلقہ پولیس افسران نے سنٹرل پولیس آفس جبکہ صو بہ کے دیگر عمائدین نے ریجنل اور ضلعی سطح پر آر پی او ، ڈی پی او اور انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ آن لائن شرکت کی جو کہ اس لحاظ سے اپنی نوعیت کی پہلی میٹنگ تھی جس میں صوبہ بھر کے مختلف مکتبہ فکر کے اکابرین نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی، امن و امان کے قیام، جلوسوں و مجالس کے پرامن انعقاد اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال ، عزت وآبرو کے تحفظ کے لئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں
اور فرقہ واریت کیساتھ ساتھ بالخصوص تخریب کاری کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پولیس کو چوکس اور الرٹ کر دیاگیا ہے ہماری تیاری پوری ہے۔ شر پسند عناصر اور افواہ پھیلانے والوں کا بروقت محاسبہ کرنے کے لئے بھی ٹھوس اقدامات اُٹھائے گئے ہیں ۔آئی جی پی نے عشرہ محرم الحرام کے دوران مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کے مابین قریبی رابطہ اوراتحاد و اتفاق برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اُنہو ں نے کہا کہ ہم سب کو مل جل کر معاشرے میں امن وامان کے قیام اور ترقی و خوشحالی کیلئے نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا۔ آئی جی پی نے وفد کے ارکان سے کہا کہ محرم الحرام کے دورن بیرونی ہاتھ خرابئ حالات میں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ایسے میں آپ لوگوں کا کردار بہت اہم ہے اور موقع پر آپ کی موجودگی اور چھوٹے مسائل کا فوری حل ہی اسکا تدارک ہوگااور ہم سب کو ایک دوسرے کا دست و بازو بن کر صبر و برداشت اور تحمل سے کام کرنا ہوگا۔
آئی جی پی نے کہا کہ محرم الحرام کے بابرکت مہینے میں اتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کی فضاءبرقرار رکھنے کے لیے ہم سب پر اپنے منصب کی رو سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ہمیں اپنی فروعی اختلافات کو بھلاکر ملک کی بقاءو استحکام اور اپنے نسلوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ اور اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کے ذریعے ملک دشمن عناصر اور تخریب کاروں کے مذموم عزائم کو بروقت ناکام بنانا ہوگا۔ صوبائی و مقامی عمائدین نے اپنے انفرادی خطاب میں کہا کہ محرم الحرام حرمت کا مہینہ ہے جس کا احترام ہم سب پر واجب ہے ۔تمام مکاتب فکر کے علماءنے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمیں صبر وتحمل، برداشت اور رواداری کو فروغ دینا ہو گا۔ دشمن جو خلیج ہمارے درمیان پیدا کرنا چاہتا ہے اس میں کامیابی ناممکن ہے۔ وفد نے محرم الحرا م کے دواران جلوسوں کی جگہوں پر ٹریفک اور انتظام کو درست رکھنے کے ساتھ باہمی اتفاق برداشت اور یگانگت سے عشرہ محرم گزارنے کا اعادہ کیا۔
وفد کے ارکان نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے ملک بھر میں اپنی سخت محنت اور بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی سے ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔ اُنہوں نے محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام کے لئے پولیس کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ اجلاس کے آخر میں انسپکٹر جنرل پولیس نے شرکاءکو بتلایا کہ ریاست اپنی ذمہ داریاں کماحقہٗ پوری کریگی ۔شرپسندی کی ہر حال میں حوصلہ شکنی کی جائیگی۔ مزید یہ کہ مل بیٹھنے سے محبت اور رواداری میں اضافہ ہوتا ہے۔ اور صوبہ بھر کے نمائندہ مذہبی عمائدین کا یہ اجلاس اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اجلاس کے آخر میں ملک کی یکجہتی وسلامتی اور پرُامن عشرہ محرم کے لئے اجتماعی دعا کی گئی ۔ پشاور وفد میں امامیہ جرگہ،۴ اہلسنت و جماعت، ادارہ تبلیغ الاسلام، انجمن تبلیغ القران و سنت، خطیب مسجد درویش، مرکزی تنظیم تاجران پشاور ، تاجر انصاف پشاور سٹی اور کینٹ تاجران کے مہتمم و اراکین شامل تھے۔
جبکہ پولیس کے ایڈیشنل آئی جی پی آپریشنز بابا خیل، سی سی پی او پشاور قاسم علی خان ، ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش، ایس پی سٹی عتیق شاہ خان ، پی ایس او برائے آئی جی پی عمران خان اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز خیبر پختونخوا پولیس شہزادہ کوکب فاروق بھی اس موقع پر موجود تھے۔