آئی جی خیبر پختونخوا سے ڈاکٹر سمیرا شمس کی سربراہی میں کے پی کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کے وفد کی ملاقات

آئی جی خیبرپختونخوا سے ویمن کمیشن کے وفد کی ملاقات، خواتین کے حقوق اور پولیس تعاون پر تبادلہ خیال

پشاور۔ 22 جون (اے پی پی):آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید سے خیبر پختونخوا کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن (KPCSW) کے وفد نے چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس کی قیادت میں سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ملاقات کی۔ تر جمان سنٹرل پولیس آ فس پشاورکے مطابق وفد میں ڈائریکٹر پروگرامز آمنہ درانی اور ایڈمن آفیسر ایمل رشید شامل تھے۔

ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن اور ڈسٹرکٹ کمیٹیز آن دی سٹیٹس آف ویمن (DCSWs) کے مینڈیٹ، کارکردگی اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام، متاثرہ خواتین کو قانونی و سماجی معاونت کی فراہمی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں خواتین کے خلاف تشدد (Violence Against Women) کے مقدمات پر خصوصی غور کیا گیا۔ اس موقع پر خواتین کو درپیش چیلنجز، مقدمات کی بروقت تفتیش، قانونی معاونت اور متاثرین کے لیے محفوظ اور موثر نظام کی فراہمی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے خواتین سے متعلق کیسز میں پولیس اور کمیشن کے درمیان معلومات کے تبادلے اور مشترکہ رابطہ کاری کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ کمیٹیز آن دی اسٹیٹس آف ویمن کے لیے فوکل پرسنز کی نامزدگی کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی تاکہ خواتین سے متعلق مسائل، شکایات اور مقدمات کی نگرانی اور ان کے حل کے لیے ایک موثر اور مربوط میکنزم قائم کیا جا سکے۔اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا تحفظ، ان کے وقار کا دفاع اور انصاف تک بلاامتیاز رسائی پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایسے مقدمات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس خواتین کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین سے متعلق مقدمات کی موثر پیروی، فوری رسپانس اور انصاف کی فراہمی کے لیے پولیس کے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اس مقصد کے لیے پہلے بھی صوبے میں خواتین پولیس افسران و اہلکاروں کو خصوصی تربیت سے آراستہ کیا گیا ہے اور آئندہ بھی یہ عمل جاری رہے گا۔وفد نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ویمن سیفٹی کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کے ذریعے خواتین کے لیے مزید محفوظ، بااختیار اور باوقار معاشرے کے قیام کے مشترکہ اہداف حاصل کیے جا سکیں گے اور خواتین کے تحفظ، انصاف کی فراہمی اور صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پی انٹرنل اکائونٹی بیلیٹی ڈاکٹر محمد اختر عباس اور اے آئی جی جینڈر انیلہ ناز بھی موجودتھیں۔