مانسہرہ۔ 21 جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ سیاحت ہمارے ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے، سیاحوں کو پُرامن و محفوظ ماحول اور تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کو ضلع مانسہرہ کے معروف سیاحتی مقام ناران کے دورے کے موقع پر کہی۔ دورے کے دوران انہوں نے ناران میں قائم ٹوریسٹ فسیلیٹیشن اینڈ انفارمیشن سنٹر کا معائنہ کیا جس کا مقصد علاقے میں آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کی سکیورٹی کے لئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللّٰہ گنڈا پور بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے ٹورازم سنٹر کے مختلف حصوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سنٹر میں لیڈی پولیس اہلکاروں سمیت تربیت یافتہ پولیس افسران تعینات ہیں جو سیاحوں کی بروقت رہنمائی، سہولیات اور سکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے اسی سنٹر میں ایک مستقل میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر طبی امداد فراہم کرتا ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے سنٹر کے تمام شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور پولیس و طبی عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے سیاحوں کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور ان کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ آئی جی پی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس عوام دوست پالیسی پر کاربند ہے اور سیاحتی مقامات پر محفوظ ماحول کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو آسانیاں فراہم کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔