آئی جی سندھ پولیس کا ترقی پانے والے انسپکٹرز کے اعزاز میں تقریب سے خطاب

152

کراچی۔ 06 دسمبر (اے پی پی):سینٹرل پولیس آفس کراچی اور گارڈن پولیس ہیڈکوارٹرز جنوبی میں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانیوالے سب انسپکٹرز کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن میں آئی جی سندھ کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ اس موقع پرآئی جی سندھ یادگار شہدا پر گئے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔آئی جی سندھ نے کہا کہ آپ تمام کو میری اور سندھ پولیس کی جانب سے عہدے میں ترقی مبارک ہو ترقی کا تمام تر کریڈٹ آپکی محنت لگن اور محکمے کیساتھ وفاداری کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ آپکی خوشیوں میں آپکے والدین، اہل خانہ اور دوست احباب بھی آپکے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آپ تمام آئندہ تفویض کردہ ذمہ داریاں بھی دل جمعی کیساتھ انجام دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پانیوالے تمام انسپکٹرز اور انکے اہل خانہ کے لئے خوشیوں کے یہ لمحات ہمیشہ یادگار ر ہینگے۔انہوں نے کہا کہ جب اللہ آپکو عہدہ دیتا ہے تو اسکی ذمہ داریوں کو اچھے طریقے سے ادا کرنا بھی آپ پر فرض ہے اگرذمہ داریاں اچھے طریقے سے انجام دینگے تو آپکی اور محکمے کی عزت میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم دن رات کوشش کررہے ہیں کہ اپنے عوام اور اداروں کے لئے کچھ کریں اس ضمن میں سب سے پہلے ہم نے آغاز اپنے ہی گھر سے کیا ہے اور اپنے گھر میں بہتری لانیکی کوشش کی ہے۔

اگلے مرحلے میں ڈی ایس پیز,ایس ایس پیز کے پرومشن کرنے جارہے ہیں اور آئندہ سے پرومشن کا عمل کوارٹرلی ہوا کرینگے۔انہوں نے کہا کہ محکمانہ ترقی آپکا حق ہے اور اس بارے میں حکم بھی ہے کہ حقدار کو اسکا حق لوٹادو۔آئی جی سندھ نے کہا کہ انسپکٹرز کی مزیدخالی آسامیوں پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند سمیت ڈی آئی جیز و ضلعی ایس ایس پیز کراچی نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام سب انسپکٹرز کے اہل خانہ بھی مدعو کئے گئے تھے۔