آئی جی پنجاب نے جرائم کی سرکوبی میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران کی شاندار حوصلہ افزائی کی اور انہیں تعریفی اسناد و کیش انعامات دیئے

104

لاہور۔21مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے جرائم کی سرکوبی میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی شاندار حوصلہ افزائی کی ہے۔ انہوں نے لاہور، جہلم اور شیخوپورہ ریجن میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کوسنٹرل پولیس آفس مدعو کیا اور بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد و کیش انعامات سے نوازا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں لاہور کی ایک، شیخوپورہ کی 4، قصور کی 7، ننکانہ کی7اور جہلم کی 1پولیس ٹیم شامل تھیں۔ آئی جی پنجاب نے مجموعی طور پر69افسران و اہلکاروں کوفی کس 10ہزار روپے کیش اور تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی۔

تفصیلات کے مطابق اے ایس پی سید احسان اللہ شاہ، ایس ڈی پی او آپریشنز شاہدرہ کو بہترین کارکردگی پر تعریفی سند سے نوازا گیا، اے ایس پی احسان اللہ شاہ کی زیر نگرانی 6رکنی ٹیم نے واردات کے بعد فرار ہونے والے خطرناک گینگ کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا۔انعامات حاصل کرنے والے دیگرافسران و اہلکاروں نے بلائنڈ مرڈر، ڈکیتی معہ قتل سمیت مختلف سنگین وارداتوں میں مطلوب خطرناک مجرمان کو پابند سلاسل کیا اور کیفر کردار تک پہنچایا۔انہوں نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور منظم جرائم کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے،

ڈرگ فری پنجاب، خواتین و بچوں کے تحفظ کی Never Again مہم اور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے جاری کریک ڈان کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعریفی اسناد اور کیش انعامات اچھی کارکردگی کا نعم البدل نہیں،اس کا مقصد مزید بہتر کارکردگی کیلئے حوصلہ افزائی کرنا ہے۔انہوں نے پانچوں اضلاع کی پولیس ٹیموں کو مزید دلجمعی سے فرائض ادائیگی کا ٹاسک دیا۔ تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، ایس پی او سی یو ساتھ، اے آئی جی ڈسپلن،ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔