لاہور۔4مارچ (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فرض کی راہ میں شہید ہونے والے کانسٹیبل محمد بلال کی فیملی کو گھر دے دیا۔ ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب کا پولیس شہدا کے اہل خانہ کےلئے اپنی چھت کی فراہمی کا مشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل محمد بلال کے اہل خانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر خرید کر دیا گیا، کانسٹیبل محمد بلال نے 2024 میں دوران گشت ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا،شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ میں اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہیں ۔آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہل خانہ کے گھرکےلئے فنڈز جاری کئے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل محمد بلال کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔