آئی جی پنجاب نے محکمہ پولیس کے13غازیوں کو سلور میڈلز سے نوازا

198
آئی جی پنجاب نے محکمہ پولیس کے13غازیوں کو سلور میڈلز سے نوازا

لاہور۔30مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ فرض کی راہ میں بازو، ٹانگ اور دیگر اعضا کی قربانی دینے والے بہادر غازی محکمہ پولیس کے ہیروز ہیں، ان بہادر افسران و جوانوں کی بے مثال خدمات کا نعم البدل کوئی چیز نہیں ہوسکتی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ محکمہ پولیس اپنے ان بہادر بیٹوں کے بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

تمام غازیوں کے نام سنٹرل پولیس آفس کی غازی وال پر کندہ کئے گئے ہیں، غازی پیکج کی سہولیات دی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پولیس غازیوں کو سلور ایوارڈز دینے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس فورس کے بہادر غازیوں کی بے مثال خدمات کر سراہتے ہوئے انکی آئی جی پی غازی میڈلز سے حوصلہ افزائی کی۔

تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ ریجن کے 13غازیوں کو سلور میڈلز سے نوازا، ضلع گوجرانوالہ پولیس کے 3، ضلع منڈی بہائوالدین کے 4، سیالکوٹ کے 5، نارووال کے ایک پولیس اہلکار کو غازی میڈلز سے نوازا ۔ انہوںنے کہا کہ کانسٹیبل سے اے ایس آئی رینک کے افسران و جوانوں نے ہائی پروفائل آپریشنز کامیابی سے سر انجام دے کر فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔

آئی جی نے غازی میڈلز حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں کی شاندار خدمات کو بھرپور سراہا۔ تقریب میں غازی افسران و اہلکاروں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ آئی جی پنجاب نے فیملیز کا بھی شکریہ ادا کیا، ایڈیشنل آئی جی پنجاب، سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ڈسپلن آصف امین اعوان، اے ایس پیز سمیت دیگر افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔