لاہور۔13جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اور درپیش مسائل کا ازالہ اولین ترجیحات میں شامل ہے، تمام سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کی پیش کردہ درخواستو ں اور مسائل کا فی الفور ازالہ یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس فورس ایک فیملی کی مانند ہے، ملازمین کے اہل خانہ کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے، ویلفیئر، ڈسپلن اورریکروٹمنٹ سے متعلقہ تمام درخواستوں پر فوری ایکشن سے ریلیف فراہم کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جمعرات کے روزسنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین و فیملیز کی پیش کردہ درخواستیں سن کرازالے کیلئے احکامات جاری کئے۔انہوںنے بہاولنگر کے انسپکٹر محمد اکبر کی میڈیکل گرانڈ پر ایک برس قبل ریٹائرمنٹ کی درخواست کارروائی کیلئے ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب کو ریلیف کیلئے بھجوا دی۔انہوںنے ہیڈ کانسٹیبل مدثر نذر کی گردوں و جگر کے علاج کیلئے مالی معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو معاونت کی ہدایت دی۔اے ایس آئی عطا محمد شہید کی اہلیہ کی جانب سے جونیئر کلرک بیٹی کی لاہور سے سرگودھا ٹرانسفر کی درخواست اے آئی جی ایڈمن اینڈ سیکورٹی کو بھجوا دی۔انہوں نے سرگودھا کے سب انسپکٹر عمران شہزاد کی سنیارٹی ری فکسیشن کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف کی ہدایت دی۔انہوں نے ایس پی رشید احمد (ریٹائرڈ) کی جانب سے بیٹے کی بطور جونیئر کلرک بھرتی کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو بھجوا دی۔
اے ایس آئی ممتاز احمد کی جانب بیٹے کی بطور کانسٹیبل بھرتی کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ-2کو ریلیف کی ہدایت کی،انسپکٹر محمد شاہد نذیر کی بطور ڈی ایس پی پروموشن کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو میرٹ پر ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی جبکہ ٹریفک پولیس کے اسسٹنٹ مشتاق احمد کی جانب سے سکالرشپ کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے دیگر ملازمین کی درخواستوں پر ریلیف فراہمی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ تمام افسران ملازمین اور انکے اہل خانہ کی پیش کردہ درخواستوں پر فوری ایکشن لے کر رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔