لاہور۔2جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ڈرگز اینڈ کرائم کے اعلی سطحی وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔سینئر نیشنل کنسلٹنٹ سابق آئی جی طارق کھوسہ کی قیادت میں اعلی سطحی وفد نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ وفد میں یو این او ڈی سی کے نیشنل کنسلٹنٹ ایڈیشنل آئی جی (ر) سرمد سعید، نیشنل پروگرام مینیجر بیت اللہ خان، علی امتنان و دیگر شامل تھے۔
آئی جی پنجاب نے وفد کو آرگنائزڈ کرائم کے خاتمے کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت قائم کردہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ یو این او ڈی سی اور پنجاب پولیس کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے اور آرگنائزڈ کرائم کے تدارک کیلئے بین الصوبائی کوآرڈینیشن سے پاکستان بھر کیلئے یکساں سٹریٹیجی تشکیل دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایف آئی اے، نیکٹا سمیت تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں، سول سوسائٹی کی مشاورت سے سائبر کرائم، دہشت گردی، منی لانڈرنگ، غیر قانونی ہیومن ٹریفیکنگ اور ڈرگز سمگلنگ سمیت سنگین جرائم سے نمٹنے کیلئے یکساں طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ یو این او ڈی سی پنجاب سمیت ملک بھر میں آرگنائزڈ کرائم سٹریٹیجی کے فروغ کیلئے مشاورتی ورکشاپس اور سیمینار منعقد کرے گا۔
وفد نے شہدا اینڈ غازی والز، پولیس میوزیم اور کانسٹیبلری لاوئج سمیت سنٹرل پولیس آفس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی فنانس اور اے آئی جی مانیٹرنگ سمیت سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔