آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے یو این ویمن مشن کے وفد کی ملاقات

161
آئی جی پنجاب کی پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات، مسائل کے فوری ریلیف کےاحکامات جاری

لاہور۔10نومبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں یو این ویمن مشن کے وفد نے ملاقات کی۔ یو این ویمن کی پاکستان میں نمائندہ رمضان شرمیلا رسول اور پارٹنرشپ اینڈ کمیونیکیشن سپیشلسٹ نبیلہ ملک وفد میں شامل تھیں۔

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر، ایس پی شازیہ اور اے ایس پی شہر بانو نقوی سمیت سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جمعہ کو ہونے والی اس ملاقات میں یو این مشن کے مینڈیٹ کے مطابق ویمن امپاورمنٹ، خواتین کے تحفظ، کریکٹر ڈویلپمنٹ، قوانین اور پالیسی سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی جی پنجاب نے وفد کو بتایا کہ پنجاب پولیس میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو محفوظ ورکنگ انوائرمنٹ اور جدید سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، پنجاب پولیس تحفظ مراکز کے ذریعے ٹرانسجینڈرز تشدد، جنسی زیادتی و ہراسگی کی شکار خواتین اور محروم وسیلہ طبقات کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، 39 ٹرانسجینڈرز وکٹم سپورٹ افسران تحفظ مراکز میں تعینات ہیں، ٹرانسجینڈرز، خواتین اور محروم وسیلہ طبقات کے 20 ہزار ایشوز میں مدد فراہم کی گئی۔

ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ گھریلو اور ورکنگ مقامات پر خواتین کی ہراسگی کے خاتمے اور پبلک سیفٹی کے لئے ویمن سیفٹی ایپ سمیت دیگر اقدامات کئے ہیں، 03 ہزار نوجوان پولیس لیڈی افسران کو یو این اداروں کے ذریعے وکٹم سپورٹ کی جدید تربیت فراہم کی گئی ہے، ویمن سیفٹی ایپ، 1787 کمپلینٹ سنٹر اور ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کے ذریعے مصیبت کی شکار خواتین کو فوری مدد فراہم کی جاتی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے بتایا کہ آئوٹ ریچ پروگرام کے تحت 6500 سے زائد نوجوان طلبا و طالبات کو فرینڈز آف پولیس اور والنٹیئرز کے تحت انٹرن شپ کرائی گئی ہے۔ یو این ویمن کنٹری نمائندہ کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس میں خواتین کی نمائندگی میں قابل ذکر اضافہ اور جدید سہولیات کی فراہمی خوش آئند ہے، پاکستانی خواتین انتہائی باصلاحیت ہیں، معاشی و سماجی ترقی اور فیصلہ سازی کے مواقع پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔

یو این مشن کنٹری نمائندہ نے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کو اقوام متحدہ ویمن مشن کے پروگراموں میں نمائندگی دیں گے۔ ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس نے وفد کو سنٹرل پولیس آفس کے ڈیش بورڈ کے ذریعے پنجاب پولیس کی جدید ایپلی کیشنز بارے آگاہی دی۔ آخر میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یو این ویمن کی نمائندہ رمضان شرمیلا رسول کو یادگاری شیلڈ دی۔