27.1 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 25, 2025
ہومقومی خبریںآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان ا نور کا ضلع میانوالی کا دورہ،...

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان ا نور کا ضلع میانوالی کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

- Advertisement -

لاہور۔24اپریل (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ضلع میانوالی کا دورہ کیا۔ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب میانوالی میں بین الصوبائی پٹرولنگ ہارون الرشید کنڈل چیک پوسٹ پر پہنچے جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، آئی جی نے سرحدی داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور چیک پوسٹوں کے سکیورٹی اقدامات، نفری، اسلحہ، ایمونیشن، مورچوں، بلٹ پروف گاڑیوں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے مشکل حالات میں فرائض کی انجام دہی پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

بعد ازاں آئی جی پنجاب مکڑوال پہنچے جہاں انہوں نے گذشتہ دنوں 10 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے والے افسران و اہلکاروں سے ملاقات کے بعد خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر افسران و اہلکاروں کو شاباش دی اور نقد انعامات سے نوازا۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کے ہمراہ تھانہ مکڑوال کے مورچوں کا جائزہ بھی لیا۔آر پی او سرگودھا نے آئی جی پنجاب کو خوارجی دہشت گردوں کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کو بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا ہے جس کے پیش نظر حکومت پنجاب کی ہدایات پر چیک پوسٹوں کی عمارت، بائونڈری وال اور مورچوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔

- Advertisement -

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت الرٹ رہیں اور دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں کا مورال بے حد بلند ہے ، دہشت گردی کے بزدلانہ حملے ہمیں کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف فقیدالمثال کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ ٹرائی بارڈر سرحدی تھانوں اور چوکیوں پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان الرٹ اور دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس خیبر پختونخواہ حکومت، آرمڈ فورسز کے ساتھ مل کر دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرے گی

جس کیلئے بارڈر ایریاز کی پولیس چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور سہولیات سے آراستہ کیا جارہا ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، آر پی او سرگودھا ریجن محمد شہزاد آصف خان، ڈی پی او میانوالی کیپٹن (ر) محمد اجمل، سابق ڈی پی او اختر فاروق سمیت سینئر افسران بھی ہمراہ تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587339

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں