لاہور۔26اپریل (اے پی پی):پنجاب پولیس کا تعلیم دوست اے ایس آئی بچوں کی میڈیکل، انجینئرنگ سمیت اعلی تعلیم کے لئے پرعزم ہے۔ اے ایس آئی گلزار احمد نے اپنی زوجہ، بیٹیوں اور بیٹے کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے محنت و لگن سے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے پر گلزار احمد کی ہمت اور جوش و جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ گلزار احمد اور ان کی اہلیہ نے مشکل حالات کے باوجود بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کے لئے جدوجہد کی۔اے ایس آئی گلزار احمد کے تمام بچوں کے لئے پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈ سے باقاعدگی سے سکالر شپ کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اے ایس آئی گلزار احمد کی بیٹی عشا نے حال ہی میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس مکمل کیا۔ گلزار احمد کی دوسری بیٹی منیبہ امریکہ سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کر رہی ہے۔
اے ایس آئی کی بڑی بیٹی اریبہ سروسز ہسپتال میں ٹیکنالوجسٹ کے عہدے پر تعینات ہے۔ اے ایس آئی گلزار احمد کی بیٹی لائبہ بی بی اے جبکہ بیٹا محمد اویس ایف ایس سی پری انجینئرنگ کر رہا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ گلزار احمد 1990 ءمیں محکمہ پولیس میں کانسٹیبل بھرتی ہوا۔ اے ایس آئی گلزار احمد بطور وائرلیس آپریٹر سی ٹی او لاہور خدمات انجام دے رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588301