آئی جی پنجاب کا میانوالی کے علاقے عیسٰی خیل میں پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کی چیک پوسٹ کنڈل کا دورہ

172
آئی جی پنجاب

لاہور۔1اکتوبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کی چیک پوسٹ کنڈل کا دورہ کیا،

انہوں نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پٹرولنگ پوسٹ پر تعینات بہادر جوانوں سے ملاقات کی، مقابلہ کرنے والے جوانوں کو 35 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا، آئی جی پنجاب نے اعلان کیا کہ کنڈل چیک پوسٹ کا نام شہید ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان کے نام پر رکھا جائے گا،

ترجمان پنجاب پولیس نے اتوار کو بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی را عبدالکریم، ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس اور ڈی پی او میانوالی سمیت سینئر افسران بھی آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے، ڈی آئی جی پٹرولنگ پولیس اطہر وحید اور مورچے پر تعینات جوانوں نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو گزشتہ رات دہشت گردوں کے حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا، جبکہ ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ را کریم،

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال اور ڈی پی او میانوالی نے آئی جی پنجاب کو حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف سرچ اینڈ سویپ آپریشن کی تفصیلات بتائیں، آئی جی پنجاب نے پٹرولنگ پوسٹ مورچے پر تعینات رئیس، امتیاز اور شاہ جہان سمیت 4 جوانوں کو دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر شاباش دی، انہوں نے آپریشن کرنے والے سی ڈی ٹی جوانوں کو 5 لاکھ، جبکہ چیک پوسٹ پر تعینات تمام جوانوں کو 30 لاکھ روپے نقد انعام دیا، آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس خیبر پختونخواہ حکومت اور آرمڈ فورسز کے ساتھ مل کر دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرکے صفایا کرے گی، جبکہ کنڈل چیک پوسٹ کا نام شہید ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان کے نام پر رکھا جائے گا۔